کیا بی جے پی کو دوبارہ اقتدار ملے گا؟

   

نریندر مودی ایک بار پھر وزیراعظم ہوں گے ۔ پرہلاد مودی
بنگلور۔ 13 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات 2019ء میں آیا بی جے پی کو دوبارہ اقتدار ملے گا اور نریندر مودی ایک بار پھر وزیراعظم ہوں گے۔ یہ سوال ان دنوں شدت سے اٹھائے جارہے ہیں۔ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم کے بھائی پرہلاد مودی نے کہا کہ بی جے پی نہ صرف آئندہ لوک سبھا انتخابات میں 300 سے زیادہ نشستیں جیتے گی بلکہ ان کے بھائی نریندر مودی ایک بار پھر وزیراعظم بن جائیں گے۔ مجھے یقین ہے کہ آئندہ عام انتخابات 2014ء کا عکس ہوں گے اور بی جے پی کو 300 سے زائد سیٹیں ملیں گی۔ این ڈی اے حکومت نے گذشتہ ساڑھے چار سال میں کئی ترقیاتی کام انجام دیئے ہیں۔ پرینکا گاندھی کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہاکہ پرینکا کا سیاست میں داخل ہونا کانگریس کیلئے خاص بات نہیں ہے۔ وہ انتخابات میں کانگریس کی مدد نہیں کرسکیں گی۔ پرہلاد مودی نے اپنے بھائی نریندر مودی کی حکومت کی کارکردگی کی زبردست ستائش کی اور اپوزیشن کانگریس پرتنقید کی اور کہا کہ پرینکا گاندھی کی آمد سے کانگریس کا کوئی بھلا نہیں ہوگا۔