جموں۔ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جموں کے صدر ارون گپتا نے نئی ایکسائز پالیسی کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ جموں و کشمیر میں کسی راجہ کی حکمرانی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یونین ٹریٹری انتظامیہ متعلقین کو اعتماد میں لئے بغیر عوام دشمن پالیسیاں لوگوں پر تھوپ رہی ہیں۔ ارون گپتا نے ہفتہ کو یہاں ایک نیوز کانفرنس میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ آج کی حکومت عوام دوست نہیں ہے ۔ ہم تو یہ سوچتے تھے کہ دفعہ370 اور دفعہ 35 اے ہٹنے کے بعد جموں کے قوم پرست لوگوں کو حکومت کی طرف سے ریلیف ملے گی اور انہیں پریشان نہیں کیا جائے گا، لیکن حکومت کی طرف سے مسائل کا ایک پٹارہ کھول کے رکھا گیا ہے ۔ ایسا لگ رہا ہے کہ جموں و کشمیر میں کسی راجہ کی حکمرانی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہر ایک حکومت متعلقین کے ساتھ بات چیت کے بعد ہی پالیسیاں بناتی ہیں، لیکن آج کی حکومت اپنی پالیسیاں لوگوں پر تھوپنے میں لگی ہے ۔ کسی کو بھی اعتماد میں نہیں لیا جا رہا ہے ۔
