’’کیا راج کندرا کوئی دہشت گرد ہے؟‘‘ وکیل کا جج سے سوال

   

ممئی / نئی دہلی: بزنس مین راج کندرا اور ان کے ساتھی ریان تھورپ کو آج ممبئی کی ایک عدالت نے ضمانت دینے سے انکار کردیا جو مبینہ طور پر فحش فلمسازی میں اور اسے پھیلانے میں ملوث پائے گئے تھے۔ یاد رہے کہ راج کندرا مشہور ہندی فلم ایکٹریس شلپا شیٹی کے شوہر ہیں۔ 45 سالہ راج کندرا کی درخواست ضمانت جس وقت عدالت میں مسترد کردی گئی تو ان کے وکیل نے جج سے سوال کیا کہ آخر کس بنیاد پر ان کی ضمانت نامنظور کی گئی ہے؟ کیا راج کندرا کوئی دہشت گرد ہیں؟ ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں راج کندرا کو مزید دو ہفتوں کے لیے عدالتی تحویل میں دیا گیا ہے۔ راج کندرا کو گزشتہ پیر کے روز گرفتار کیا گیا تھا جبکہ اس کے دوسرے روز ہی ان کے ایک اور ساتھی ریان تھورپ کو بھی گرفتار کیا گیا تھا جو کندرا کی کمپنی کے تکنیکی امور کے نگران بتائے گئے ہیں۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ کندرا کے چار ملازمین نے خود کندرا کے خلاف گواہی دی تھی۔ کندرا نے بامبے ہائی کورٹ میں اپنی گرفتاری کو چیلنج کرتے ہوئے ایک درخواست داخل کی تھی اور اپنی فوری رہائی کا یہ کہہ کر مطالبہ کیا تھا کہ انہیں غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا ہے۔ بامبے ہائی کورٹ نے سماعت کو جمعرات کے لیے موخر کردیا ہے۔ فی الحال راج کندرا کا متنازعہ ایپ ’’ہاٹ شاٹس‘‘ تحقیقات کا مرکز ہے جسے پولیس کے مطابق اینڈرائڈ فونس اور ایپلس ایپ اسٹور کے لیے گوگل پلے سے ہٹالیا گیا تھا جس کے بعد راج کندرا نے پلان بی پر عمل کرتے ہوئے بالی فیم کے نام سے دوسرا ایپ لانچ کیا تھا۔