٭ کیسوں پر قابو پانے رعایتوں کو ختم کرنے پر غور
٭ صورتحال کے مطابق نرمی کے اوقات میں اضافہ بھی ممکن
٭ محکمہ صحت کی جانب سے حکومت کو مختلف تجاویز روانہ
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں لاک ڈاؤن میں 10جون تک توسیع کی جائے گی! حکومت کی جانب سے 30مئی کے بعد مکمل لاک ڈاؤن اور موجودہ رعایت کے خاتمہ پر غور کیا جا رہاہے تاکہ ریاست میں کورونا مریضوں کی تعداد پر قابو پایا جاسکے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اگر ریاست میں کورونا مریضوں کی تعداد میں قابل لحاظ کمی نہیں ہوتی ہے تو حکومت 10جون تک سخت لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرسکتی ہے۔ کہا جار ہاہے کہ حکومت کو محکمہ صحت کے عہدیداروں کی رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ کورونا مریضوں کی تعدا دمیں نمایاں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے لیکن مریضوں کی تعداد پر مکمل قابو پانے 10 یوم کے مکمل لاک ڈاؤن کے بعد ہی حقیقی صورتحال سامنے آسکتی ہے اسی لئے 30 مئی کے بعد لاک ڈاؤن میں رعایت میں اضافہ کے بجائے تحدیدات میں اضافہ کا جائزہ لیا جانے لگا ہے ۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق دونوں شہروں میں بلدیہ کی نگرانی میں کروائے گئے فیور سروے کے دوران مریضوں کی صحت کا بھی جائزہ لیا جا رہاہے۔ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے تلنگانہ اور آندھراپردیش کی سرحدو ںکو بند کئے جانے کے باوجود ریاست میں آندھراپردیش کی گاڑیوں کو داخلہ حاصل ہورہا ہے ۔ کہا جار ہاہے کہ سرحد پر متعین پولیس عہدیداروں کی جانب سے رشوت قبول کرکے گاڑیوں کو داخلہ کی اجازت دی جا رہی ہے۔علاوہ ازیں شہر کے علاوہ اضلاع میں کورونا کو پھیلنے سے روکنے نافذ لاک ڈاؤن پر عوام کی جانب سے مؤثر عمل آوری نہ کئے جانے کے سبب بھی توقعات کے مطابق مریضوں کی تعداد میں کمی ریکارڈ نہیں کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے اوقات کار میں رعایت میں توسیع کے علاوہ مکمل لاک ڈاؤن دونوں پر غور کیا جار ہاہے کیونکہ عہدیداروں کا کہناہے کہ صبح 6بجے سے 10 بجے کے درمیان کم وقت کے سبب عوام کی بڑی تعداد گھروں سے اپنی ضروریات زندگی کے حصول کیلئے نکل رہے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک اور دیگر مسائل پیدا ہونے لگے ہیں اسی لئے اگر رعایت کے اوقات کار میں کمی لائی جاتی ہے تو اژدہام کم ہونے کی توقع کی جا رہی ہے اور ساتھ میں حکومت کو دی جانے والی تجاویز میں 30مئی کے بعد مکمل لاک ڈاؤن کی بھی سفارش شامل ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ 10 جون تک لاک ڈاؤن میں توسیع کی سفارش کی گئی ہے ۔ حکومت کی جانب سے رعایت کے اوقات میں اضافہ کے باوجود بھی 10جون تک لاک ڈاؤن میں توسیع پر غور کیا جارہا ہے اور کہاجا رہاہے کہ اس سلسلہ میں جلد ہی حکومت کی جانب سے قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔