کیا وقوف عرفہ کے دن مسجدالحرام میں افطار کی اجازت ہوگی؟

   

ریاض۔ (کے این واصف) حج سکیورٹی اسپیشل فورس کے کمانڈر میجر جنرل محمد الاحمدی نے کہا ہے کہ مسجدالحرام میں عمرے اور عام نمازیوں کی آمد پر پابندی برقرار ہے۔ آئندہ ایام میں بھی پابندی پر عمل درآمد کرایا جائے گا۔ ویب سائٹ ’’عاجل‘‘ کے مطابق میجر جنرل محمد الاحمدی سے پریس کانفرنس میں سوال کیا گیا تھا کہ کیا وقوف عرفہ کے دن مسجد الحرام میں افطار کی اجازت ہوگی؟ حج سکیورٹی اسپیشل فورس کے کمانڈ ر نے کہا ہے کہ مکہ اور مدینہ کے باشندے 9 ذی الحجہ کا روزہ رکھتے ہیں اور وہ مغرب کی نماز مسجد الحرام یا مسجد نبویؐ میں ادا کرتے ہیں اور وہیں افطار کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔ ذی الحجہ (وقوف عرفہ) کے دن دونوں مقدس مساجد کی خواتین بڑی تعداد میں جمع ہوتی رہی ہیں۔ حج سکیورٹی اسپیشل فورس کے کمانڈر نے مزید کہا کہ اس سال صورتحال مختلف ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے عمرے اور عام نمازیوں کی آمد پر پابندی تھی، ہے اور رہے گی۔ واضح رہے کہ اہل مکہ وقوف عرفہ کے دن کو عام زبان میں (یوم الخلیف) کہتے ہیں۔ اس دن مکہ کے خاندان مسجد الحرام پہنچ جاتے ہیں۔ وقوف عرفہ کے دن حاجی میدان عرفات میں ہوتے ہیں۔ مقدس شہر کی سڑکیں خالی نظر آتی ہیں۔ یاد رہے کہ حج کی وجہ سے کسی بھی ایسے سعودی شہری یا مقیم غیرملکی کو جس کے پاس حج اجازت نامہ نہیں ہے، اسے وقوف عرفہ کے دن مکہ مکرمہ جانے نہیں دیا جاتا جبکہ اجازت نامہ رکھنے والے 9 ذی الحجہ کو مکہ المکرمہ اس لئے نہیں جاتے کیونکہ انہیں حج کا رکن اعظم ادا کرنے کیلئے میدان عرفان میں حاضر ہونا ضروری ہوتا ہے۔