راہول گاندھی نے نہیں کہا، بابری مسجد ۔ رام مندر مسئلہ عدالتی دائرہ کار میں ہے
نئی دہلی 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج رام جنم بھومی ملکیت تنازعہ کی سماعت کو 10 جنوری تک مؤخر کردیا ہے۔ کانگریس صدر راہول گاندھی نے کہاکہ 2019 ء لوک سبھا انتخابات میں رام مندر انتخابی موضوع نہیں ہوگا۔ راہول گاندھی نے یہ ریمارکس پارلیمنٹ کے باہر اُس وقت کئے جب اِن سے سوال کیا گیا کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا مسئلہ آنے والے عام انتخابات کا موضوع ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ اصل موضوع ہندوستان کے نوجوانوں کے لئے روزگار ہوگا۔ دوسرا موضوع ہندوستانیوں کے لئے تعلیم اور ہیلت کیر ہوگا۔ نریندر مودی کی جانب سے ہندوستانی معیشت کو تباہ کردیا گیا ہے، اِس موضوع کو بھی نمایاں کیا جائے گا۔ قبل ازیں دن میں راہول گاندھی نے رام مندر کے مسئلہ پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ یہ معاملہ عدلیہ کے دائرہ کار میں ہے۔ انتخابات میں اُن کی پارٹی ہندوستانی معیشت کی ابتری اور رشوت کے مسئلے پر انتخاب لڑے گی۔