حیدرآباد :۔ درگم چیرو پر ٹورازم بوٹنگ ( کشتی رانی ) مقام پر حال میں افتتاح کئے گئے کیبل برج کی وجہ سیاحوں کی بِڑی تعداد اس مقام کا رخ کررہی ہے جس میں دوسرے مقامات سے آنے والے سیاح اور مقامی افراد بھی شامل ہیں ۔ شہر میں بوٹنگ کے لیے چند دیگر مقامات بھی ہیں لیکن گچی باولی کے قریب درگم چیرو بوٹنگ کلب ایسا معلوم ہوتا ہے کہ سیاحوں کے لیے ایک نیا پسندیدہ مقام بن گیا ہے جہاں ویک ینڈ اور تعطیلات میں کشتی رانی کے شائقین کا ہجوم ہورہا ہے ۔ درگم چیرو جسے حیدرآبادی عام طور پر ’ سکریٹ لیک ‘ کہتے ہیں ہمیشہ سے اپنا ایک منفرد کشش رکھتا ہے لیکن موجودہ طور پر اس میں جو دلچسپی لی جارہی ہے اس کی وجہ کیبل برج ہے جو کہ انجینئرنگ کا ایک کرشمہ ہے ۔ قلب شہر میں واقع درگم چیرو پر گذشتہ سال یہاں تعمیری سرگرمیوں کی وجہ لوگوں کی آمد میں کمی ہوئی تھی اس کے علاوہ محکمہ سیاحت کی جانب سے چند سال قبل یہاں بوٹنگ سہولت کو موقوف کردیا گیا تھا ۔ اس سال اگست میں کیبل برج کے افتتاح کے بعد محکمہ سیاحت نے اس تالاب میں فری بوٹنگ اور اسپیڈ بوٹنگ کا آغاز کیا ۔ اس کے بعد سے سیاح اس مقام پر بڑی تعداد میں آرہے ہیں اور بہت جلد یہ سیاحت کا ایک اہم مقام بن گیا ۔ بوٹنگ سائٹ منیجر نے کہا کہ ’ یہاں دو کشتیاں ہیں ہر ایک میں 80 لوگوں کی گنجائش ہے اور دو اسپیڈ بوٹس ہیں جس کے ہر بوٹ میں چار لوگوں کی گنجائش ہے ۔ ہر روز یہ کشتیاں 63 ایکڑس پر پھیلے ہوئے اس تالاب کے چار تا پانچ ٹورس کرتی ہیں ۔ ویک اینڈس اور عام تعطیلات میں ہجوم زیادہ ہوتا ہے ‘ ۔ انہوں نے کہا کہ اس تالاب کو آنے والے سیاحوں کی تعداد میں اب پانچ گنا اضافہ دیکھا جارہا ہے اور کیبل برج کی وجہ سے ہورہا ہے ۔ بنگلورو سے یہاں سیاحت کے لیے اپنے خاندان کے ساتھ آئی اے سری پردھا نے کشتی سواری کرنے کے بعد اپنی خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ یہ میرے والدین کا پہلا دورہ حیدرآباد ہے اور مجھے خوشی ہے کہ میں ان کے ہمراہ یہاں آئی ہوں ۔ وہ اس جھیل کے خوبصورت منظر کو بہت پسند کئے ہیں اور برج کے بالائی حصہ سے جھیل کا منظر بہت خوبصورت نظر آیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوا کہ گویا فلم دیکھ رہے ہیں ‘ ۔ ایک اور مقامی سیاح پواندلہ نے کہا کہ ’شام میں جب کیبل برج روشنی سے جگمگاتا ہے تو اس کا منظر بہت خوبصورت ہوتا ہے ۔ بالخصوص کشتی کی سواری کے وقت بہت بھلا معلوم ہوتا ہے ۔ میں یہاں آنے کیلئے دوسروں کو ترغیب دوں گا ۔ تلنگانہ اسٹیٹ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر بی منوہر راؤ نے کہا کہ یہ مقام بہت پرکشش ہے اور یہ حسین ساگر بوٹنگ سائٹ کی طرح مشہور ہوسکتا ہے ۔۔