حیدرآباد۔/8 اپریل، ( سیاست نیوز) مقامی کیبل چینلس اور سوشیل میڈیا کی سرگرمیوں پر پولیس نے نظر رکھتے ہوئے اقدامات کا آغاز کردیا ہے اور خفیہ پولیس نے ایک مقامی کیبل چینل کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیتنیہ پوری پولیس نے ایک مٹن شاپ کے بارے میں گمراہ کن خبر ٹیلی کاسٹ کرنے والے V3نیوز چینل کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق V3 چینل کے مالک کے ستیہ نارائنا نے مبینہ طور پر جہانگیر مٹن شاپ کو نشانہ بنایا اور اس نیوز میں جہانگیر مٹن شاپ کے مالک کو کورونا سے متاثر بتایا اور اس دوکان سے گوشت خریدنے والوں کو بھی کورونا کا مرض لاحق ہونے کا خطرہ ظاہر کرتے ہوئے خوف پیدا کیا۔ پولیس کے مطابق یہ خبر جھوٹی ہے اور کسی بنیاد اور حقائق کو جانے اور تحقیق کے بغیر اس خبر کو ٹیلی کاسٹ کیکا گیا۔ نیوز کا مقصد مٹن شاپ کے مالک کے وقار کو مجروح کرنا ہے۔ پولیس چیتنیہ پوری نے گپتا کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔