کیرالا، بہار کے سابق گورنر بھاٹیا کی کورونا سے موت

   

امرتسر : کیرالا اور بہار کے سابق گورنر آر ایل بھاٹیا کی کورونا وائرس سے ہفتے کے روز یہاں موت ہو گئی۔ وہ 100 سال کے تھے ۔ بھاٹیا گذشتہ کچھ وقت سے بیمار تھے اور کورونا سے متاثر ہونے کے بعد وہ امرتسر کے ایک نجی اسپتال میں داخل تھے، جہاں آج صبح انہوں نے آخری سانس لی۔امرتسر سے چھ بار رکن پارلیمنٹ منتخب کیے گئے بھاٹیا 23 جون 2004 سے 10 جولائی 2008 تک وہ کیرالا اور 10 جولائی 2008 سے لے کر 28 جون 2009 تک بہار کے گورنر تھے ۔ وہ 1992 میں پی وی نرسمہاراؤ کی حکومت میں وزیر مملکت برائے خارجہ تھے ۔آپریشن بلو اسٹار کے بعد الیکشن میں کئی ردوبدل ہوئے مرکز میں اندرا گاندھی کی حکومت کی جانب سے چار سال مکمل ہونے پر ’غریبی ہٹاو‘ نعرے کے ساتھ الیکشن کروائے گئے تھے ۔ اس وقت امرتسر میونسیپل کمیٹی کے سربراہ درگا داس بھاٹیا نے کانگریس کے ٹکٹ پر امرتسر لوک سبھا حلقے سے الیکشن جیتا تھا۔ درگا داس بھاٹیا کی ایک سال کے بعد ہی موت ہو گئی۔درگا داس کی موت کے بعد کانگریس نے ان کے بھائی رگھو رنجن لال بھاٹیا کو ضمنی الیکشن میں اتارا۔