کیرالاکے مندروں میں اب نہیں لگے گی آر ایس ایس کی شاکھائیں

   

ترواننتا پورم: کیرالا کے مندروں میں اب آر ایس ایس کی شاکھائیں نہیں لگیں گی۔ ایسا اس لیے کیونکہ کیرالا میں مندروں کا انتظام و انصرام دیکھنے والے ’تراونکور دیواسم بورڈ‘ نے ایک سرکلر جاری کر اس پر پابندی لگائی ہے۔ یہ سرکلر 18 مئی کو جاری کیا گیا جس کے مطابق بورڈ کے ماتحت آنے والے سبھی مندروں میں اب آر ایس ایس کی شاخائیں منعقد نہیں کی جائیں گی۔ سرکلر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر آر ایس ایس کی سرگرمیاں مندروں میں دیکھنے کو ملتی ہیں تو متعلقہ مندر کے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔قابل ذکر ہے کہ تراونکور دیواسم بورڈ نے 2016 میں بھی ایک سرکلر جاری کیا تھا جس میں مندر احاطوں میں آر ایس ایس کے ذریعہ اسلحوں کی ٹریننگ پر پابندی لگائی گئی تھی۔بعد میں 30 مارچ 2021 کو پھر سے سرکلر جاری کر سختی سے حکم پر عمل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
ساتھ ہی سرکلر میں پوجا و تہواروں کو چھوڑ کر مندر احاطہ کا استعمال کسی دیگر مقصد کے لیے کیے جانے پر روک لگا دی گئی تھی۔واضح رہے کہ کیرالا میں تراونکور دیواسم بورڈ تقریباً 1250 مندروں کا انتظام و انصرام دیکھتا ہے۔ بورڈ کے تازہ سکلر کی کانگریس لیڈر اور کیرالا اسمبلی میں حزب مخالف لیڈر وی ڈی ستیشن نے تعریف کی ہے۔انھوں نے کہا کہ میں سرکلر کی حمایت کرتا ہوں۔ 2021 میں بھی ایسا سرکلر جاری کیا گیا تھا، لیکن آر ایس ایس نے اس کی خلاف ورزی کی۔ آر ایس ایس لوگوں میں نفرت بڑھا رہا ہے، وہ لوگوں کے درمیان تقسیم پیدا کر رہا ہے۔ مندر احاطہ اس طرح کے مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے، یہ بہت پاکیزہ جگہ ہے۔