طلبہ پر پولیس لاٹھی چارج کے خلاف اسپیکر کے ڈیسک پر چڑھ کر احتجاج، ہنگامہ آرائی
تھرواننتاپورم 21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے 4 ارکان اسمبلی کی آج کیرالا اسمبلی کے اسپیکر پی سری رام کرشنن نے شدید سرزنش کی۔ کانگریس کے یہ چار ارکان طلبہ پر پولیس لاٹھی چارج کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اسپیکر کے ڈیسک پر چڑھ کر نعرہ لگاتے ہوئے ہنگامہ آرائی کررہے تھے۔ ان کی یہ حرکت ایوان کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی تھی اور ایوان کے تقدس کو پامال کرنے پر اسپیکر نے برہمی کا اظہار کیا۔ اپوزیشن نے مسلسل دوسرے دن بھی اسمبلی کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔ اسپیکر نے جن 4 ارکان اسمبلی کی سرزنش کی اِن میں روجی ایم جان، آئی سی بالا کرشنن، انور سادات اور ایلڈوزے کوناپلی شامل ہیں۔ ان چاروں ارکان نے طلبہ پر پولیس لاٹھی چارج کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اسپیکر کے ڈیسک پر چڑھ کر نعرے لگائے تھے۔ پولیس لاٹھی چارج میں پال گڑھ کے رکن اسمبلی شفیع پرمبیت اور کیرالا اسٹوڈنٹ یونین کے کارکن زخمی ہوئے ہیں۔ آج صبح جیسے ہی اسمبلی کی کارروائی کا آغاز ہوا، اپوزیشن ارکان اُٹھ کھڑے ہوئے اور پولیس عہدیداروں کو معطل کرنے کا مطالبہ کرنے لگے۔ اِن ارکان نے احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ جن پولیس عہدیداروں کے لاٹھی چارج سے رکن اسمبلی اور کیرالا اسٹوڈنٹ یونین کے کارکن زخمی ہوئے ہیں اِن کی تحقیقات کی جائے اور خاطیوں کو بخشا نہ جائے۔ یہ مطالبہ کرتے ہوئے اپوزیشن ارکان چیف منسٹر پنارائی وجیئن سے جواب طلب کررہے تھے۔ کوئی ردعمل نہ ہونے پر ارکان نے واک آؤٹ کردیا۔ واک آؤٹ سے قبل اِن ارکان نے پھر ایک مرتبہ ایوان میں وقفہ سوالات کے دوران اسپیکر کے ڈیسک پر چڑھ کر ہنگامہ آرائی کی۔ جب اسپیکر نے 4 ارکان اسمبلی کی سرزنش کرتے ہوئے اپنے احکام پڑھ کر سنانے لگے تو اِن ارکان نے احتجاجی نعرے لگائے۔