کیرالا اسمبلی میں یونیفارم سیول کوڈ کیخلاف قرارداد منظور

   

تھرواننتاپورم: چیف منسٹر کیرالا پی وجین نے منگل کے روز ریاستی اسمبلی میں یونیفارم سیول کوڈ کے خلاف ایک قرارداد پیش کی، جو اتفاق رائے سے منظور کرلی گئی۔ مرکزی حکومت نے ملک میں یکساں شہری قانون (یو سی سی) نافذ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، لیکن اس کے خلاف پورے ملک میں آواز اٹھ رہی ہے، خصوصاً اقلیتی طبقات اس قانون پر تشویش میں مبتلا ہے۔ ایسے میں کیرالا اسمبلی میں یو سی سی کے خلاف قرارداد پاس ہونا کافی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔کانگریس کی قیادت والے یونائٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ نے وجین حکومت کے ذریعہ یو سی سی کے خلاف اٹھائے گئے اس قدم کا خیرمقدم کیا ہے۔ ساتھ ہی یو ڈی ایف نے وزیر اعلیٰ کے قرارداد پیش کئے جانے کے بعد یو سی سی میں کئی ترامیم اور تبدیلیوں کا مشورہ بھی دیا ہے۔آج کیرالا اسمبلی میں قرارداد پیش کرتے ہوئے وجین نے کہا کہ کیرالا اسمبلی یو سی سی نافذ کرنے کے مرکزی حکومت کے منصوبہ پر فکرمندہے۔ وجین نے مرکزی حکومت کے اس فیصلے کو یکطرفہ اور جلد بازی میں اٹھایا گیا قدم بتایااور کہا کہ سَنگھ پریوار نے جس یو سی سی کا تصور کیا ہے، وہ آئین کے موافق نہیں ہے، بلکہ یہ ہندو شاستر ’منو اسمرتی‘ پر مبنی ہے۔