کیرالا اسٹیٹ الیکشن کمشنر شاہجہاں کی حیدرآباد آمد

   

حیدرآباد۔/26 جولائی، ( سیاست نیوز) کیرالا کے اسٹیٹ الیکشن کمشنر شاہجہاں آئی اے ایس ( ریٹائرڈ ) نے آج حیدرآباد میں تلنگانہ کے اسٹیٹ الیکشن کمشنر پارتھا سارتھی سے ملاقات کی اور ریاست میں مجالس مقامی انتخابات کے انعقاد پر بات چیت کی۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن کے دفتر میں ملاقات کے موقع پر سدرشن ریڈی آئی اے ایس کمشنر اینڈ ڈائرکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن، ہنمنت راؤ آئی اے ایس کمشنر پنچایت راج اور اسٹیٹ الیکشن کمیشن کے دیگر عہدیدار موجود تھے۔ مجالس مقامی کے انتخابات کیلئے فہرست رائے دہندگان کی تیاری، حلقوں کی درجہ بندی اور دیگر امور سے واقف کرایا گیا۔ کیرالا کے اسٹیٹ الیکشن کمشنر نے انتخابات میں تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کی جانب سے استعمال کردہ سافٹ ویر کا بغور جائزہ لیا اور اسے انتخابات کے انعقاد میں معاون قرار دیا۔ محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی اور اسٹیٹ الیکشن کمیشن کی جانب سے تیار کردہ پی او ٹی طریقہ کار سے واقف کرایا گیا۔ بوگس رائے دہی کو روکنے کیلئے اقدامات اور رائے دہندوں کی شناخت کیلئے آرٹیفیشل انٹلیجنس مشین کے استعمال سے واقف کرایا گیا۔ انہوں نے مجالس مقامی کے انتخابات میں محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے رول کی ستائش کی اور کہا کہ وہ کیرالا میں بھی تلنگانہ کے ماڈل کو اختیار کریں گے۔