تھرواننتا پورم۔ کانگریس زیرقیادت یو ڈی ایف کیرالا کے مختلف بلدیاتی اداروں کے 29 وارڈوں کے ضمنی انتخابات میں سر فہرست مقام حاصل کرلیا ہے کیونکہ اس نے پانچ سیٹیں برقرار رکھی ہیں اور نو سیٹیں دوبارہ حاصل کی ہیں۔ چہارشنبہ کو ہوئے انتخابات میں حکمراں سی پی آئی ۔ایم کو سب سے زیادہ شکست ہوئی۔ جب کہ کانگریس کی قیادت والی یو ڈی ایف نے 14 سیٹیں جیتیں، سی پی آئی ایم کی قیادت والی بائیں بازو کو 12 سیٹیں، بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے کو دو اور ایک سیٹ آزاد نے جیتی۔ ریاست کے 14 میں سے 11 اضلاع میں انتخابات ہوئے اور اس شاندار جیت پر فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ریاستی کانگریس کے صدر کے سدھاکرن نے کہا کہ یہ عوام کی طرف سے بدعنوان اور غیر مقبول پنارائی وجین حکومت کو دی گئی شکست ہے۔ نتائج کی خاص بات یہ ہے کہ یو ڈی ایف نے ایسی سیٹیں جیتیں جو بائیں بازو کے مضبوط گڑھ تھے اور اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ کیرالا کے لوگ وجین حکومت سے تنگ آچکے ہیں۔ خوش ہونے کی وجہ بھی ہے کیونکہ ہمیں لگتا ہے کہ یوڈی ایف نے جو شکست دی ہے وہ بنیادی سطح پر کام کرنے کا نتیجہ ہے ۔ اب یہ منظر عام پر آ گیا ہے کہ ہم اس وقت بھی جیتنے میں کامیاب رہے جب سی پی آئی۔ایم اور بی جے پی کے درمیان خفیہ گٹھ جوڑ تھا۔