کیرالا میں افریقی سوائن فلو کی تصدیق

   

تریوننت پورم۔ 27 ستمبر (یو این آئی) کیرالا میں افریقی سوائن فلو (اے ایس ایف) پائے جانے کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد حکام نے تریشور ضلع میں بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت احتیاطی اقدامات نافذ کر دیے ہیں۔ بھوپال کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہائی سیکوریٹیاینیمل ڈیزیز میں نمونوں کی جانچ مثبت آنے کے بعد ملنکناتھوکاوُ گرام پنچایت کے وارڈ نمبر چھ میں اس وبا کی خبرملی۔ تصدیق کے بعد محکمہ مویشی پروری نے فوری کارروائی شروع کی اور متاثرہ علاقہ میں ایک رَیپڈ ریسپانس ٹیم تعینات کی۔ متاثرہ فارم کے ارد گرد ایک کلو میٹر کے دائرے کو کنٹینمنٹ زون قرار دیا گیا ہے جبکہ دس کلو میٹر کے دائرے کو نگرانی میں رکھا گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ضلع کلکٹر ارجن پانڈین نے ضلع مویشی پروری کے افسر کو ہدایات دی ہیں کہ پابندیوں پر سختی سے عمل کیا جائے ۔ خنزیروں کو دوسرے اضلاع میں لے جانے ،اس کے گوشت کی تقسیم اور اس سے متعلقہ مصنوعات فروخت کرنے والی ریٹیل دکانوں کے کام کاج پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔ یہ اقدامات مرکزی حکومت کی مجوزہ ہدایات کے مطابق اس بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کیے جا رہے ہیں۔ چیف ویٹرینری آفیسر ڈاکٹر اسحاق وسیم نے وضاحت کی ہے کہ افریقی سوائن فلو صرف خنزیروں کو متاثر کرتا ہے اور یہ انسانوں اور دوسرے جانوروں میں نہیں پھیلتا ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھبرائیں نہیں، کیونکہ اس بیماری سے انسانوں کی صحت کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور یہ پابندیاں صرف مویشیوں کی حفاظت کیلئے ہیں۔