تھرواننتاپورم ۔ کیرالا میں ان دنوں زیکا وائرس کے معاملات میں آئے دن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور پیر کو ایک 73 سالہ خاتون بھی زیکا وائرس سے متاثر پائی گئی ہے۔ اس نے معاملہ کے سامنے آنے کے بعد ریاست میں زیکا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 19 ہوچکی ہے۔ ریاستی وزیر صحت وینا جارج نے کہا ہے کہ ایک خانگی دواخانہ میں مذکورہ خاتون کا علاج کیا جارہا ہے اور اس کا نمونہ کوئمبتور سے تعلق رکھنے والی لیباریٹری کو روانہ کیا گیا اور رپورٹ میں اس خاتون کے مثبت نتیجہ کی خبر آئی ہے۔ اسی دوران پانچ دیگر نمونے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ویورولوجی (این آئی وی) کو روانہ کئے گئے لیکن یہ تمام نتائج منفی آئے ہیں۔ اتوار کو ایک نوزائدہ کے علاوہ تین افراد زیکا سے متاثر پائے گئے تھے۔ حکومت کی جانب سے زیکا وائرس سے نمٹنے کے لئے چار میڈیکل کالجس میں 2100 ٹسٹ کٹس بھی فراہم کئے گئے ہیں۔ الاپوزہ میں این آئی وی کے کوزیکوڈ میڈیکل کالج کے علاوہ تھرواننتاپورم اور تھرسر میں بھی وائرس کے معائنوں کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ گزشتہ روز ہی وزیر نے دواخانوں کو ہدایت دی ہے کہ حاملہ خواتین میں بخار، خراش اور بدن درد کی تکالیف کے بعد ان کا فوراً معائنہ کیا جائے۔ اس کے علاوہ دیگر افراد کو بھی ان علامتوں کے زیکا وائرس ٹسٹ کیا جائے۔