ترواننتپورم، 13 نومبر (آئی اے این ایس) کیرالہ میں بلدیاتی انتخابات کے لیے نامزدگی جمع کرانے کا عمل جمعہ سے شروع ہوگا۔ ریاستی الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات دو مرحلوں میں ہوں گے پہلا مرحلہ 9 دسمبر کو اور دوسرا 11 دسمبر کو، جبکہ ووٹوں کی گنتی 13 دسمبر کو ہوگی۔ امیدوار روزانہ صبح 11 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک نامزدگی جمع کرا سکتے ہیں۔ آخری تاریخ 21 نومبر، جانچ 22 نومبر، اور دستبرداری کی آخری تاریخ 24 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ سیکیورٹی ڈپازٹ گرام پنچایت کے لیے 2000 روپے، بلاک پنچایت و میونسپلٹی کے لیے 4000 روپے، اور ضلع پنچایت و کارپوریشن کے لیے 5000 روپے رکھا گیا ہے۔ ایس سی/ایس ٹی امیدواروں کو نصف رقم ادا کرنی ہوگی۔ریاست بھر میں 1,199 بلدیاتی اداروں میں پولنگ ہوگی، جن میں 941 گرام پنچایت، 152 بلاک پنچایت، 14 ضلع پنچایت، 86 میونسپلٹیاں اور 6 کارپوریشن شامل ہیں۔ انتخابات میں 2.84 کروڑ ووٹرز حصہ لیں گے، جن میں 1.33 کروڑ مرد، 1.49 کروڑ خواتین اور 271 ٹرانس جینڈر افراد شامل ہیں۔