کیرالا میں زبردست بارش ، ساحلی علاقہ میں تباہی

,

   

تھرواننتاپورم ۔ 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) موسلادھار بارش کیرالا کے جند علاقوں میں جاری ہے جس کی وجہ سے درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ہیں اور مکانات کئی ساحلی علاقوں میں منہدم ہوگئے ہیں جہاں متلاطم سمندر کا قہر بھی جاری ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات کی اطلاع کے بموجب ارناکلم، الاپوزا، تھرواننتاپورم اور کوزی کوڈ بدترین متاثرہ علاقے ہیں جہاں زوردار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ یہاں پر ہر سال موسم برسات میں اچھی بارش ہوا کرتی تھی۔ پیش قیاسی کے بموجب محکمہ موسمیات نے کہا کہ تیز رفتار ہوائیں مغربی سمت چلیں گی جن کی رفتار 35 تا 45 کیلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی اور ساحل کے قریب یہ مزید تیز رفتار ہوکر 50 کیلو میٹر فی گھنٹہ تک پہنچ جائے گی۔ ماہی گیروں کو مشورہ دیا گیا ہیکہ یہ سمندر میں نہ جائیں۔ دریں اثناء ساحلی علاقوں میں ساکن افراد کو محفوظ علاقوں میں منتقل کردیا گیا ہے کیونکہ سمندر متلاطم ہونے کی وجہ سے وبائیں پھوٹ پڑنے کا اندیشہ ہے۔ ریاستی وزیرآبی وسائل کے کرشنا مورتی کو صورتحال کی وجہ سے پھنس جانے والے افراد کی برہمی کا سامنا کرنا پڑا۔ مقامی باشندے ایک عرصہ سے موسم برسات کی آمد سے قبل ساحل پر سمندر کی برہمی سے بچنے کیلئے دیوار کی تعمیر و مرمت کا مطالبہ کررہے تھے لیکن تاحال اس کی تکمیل نہیں کی گئی۔ سمندر کی سطح آب میں اضافہ کی وجہ سے اونچی سمندری موجیں اٹھنے کے نتیجہ میں زمین کی فرسودگی کی شرح میں اضافہ ہوچکا ہے۔ کم از کم 15 مکان مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں۔ 100 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ ریاستی کابینہ نے فیصلہ کیا ہیکہ 9 ساحلی اضلاع کی مدد کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے 22.5 کروڑ روپئے امداد دی جائے گی۔ تھرواننتاپورم، کلم، الاپوزا، ارناکلم، ترشول، ملاپورم، کوزی کوڈ، کننور اور کاسرگوڑ اضلاع کو چیف منسٹر وجین نے غذائی اجناس سربراہ کرنا کا اعلان کیا ہے۔