کیرالا میں سنٹرل جیل کے قیدیوں کی تیار کردہ بریانی کی دھوم

   

’’سوایگی‘‘ سے معاہدہ ، آن لائن سربراہی کے انتظامات
ترسول( کیرالا) 11جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) بڑھتی ہوئی آن لائن غذائی مارکٹ کی مقبولیت سے فائدہ اٹھاکر کیرالا جیل کے حکام نے قیدیوں کی بنائی ہوئی گرم گرم مصالحہ دار بریانی کی سربراہی کی کوشش شروع کردی ہے ۔ پہلے مرحلہ میں کمبو آن لائن بریانی کو فی پلیٹ 127/- روپئے کے حساب سے فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ کومبو بریانی کو خاص طور پر آن لائن فروخت کیلئے تیار کیا جارہا ہے ۔ اس میں 300گرام چاول ، تلی ہوئی مرغ کی ایک ٹانگ ، تین چپاتیاں ، ایک کیک کا ٹکڑا ، سالن ، آچار اور ایک لیٹر پانی کا بوتل شامل ہے اور رکابی کے بجائے اسے کھانے کیلئے موز کے پتے بھی سربراہ کئے جاتے ہیں ۔ وائیور سنٹرل جیل میں اسے تیار کیا جارہا ہے ۔ جیل کے حکام نے اس بریانی کی سربراہی کیلئے سوایگی سے معاہدہ کیا ہے تاکہ اسے آن لائن سربراہ کیا جاسکے اور سنٹرل جیل کی عمارت سے اس کی سربراہی عمل میں آئے ۔ویسے فریڈم فوڈ فیکٹری ( کمپنی) 2011ء سے قیدیوں کی تیار کردہ بریانی فروخت کرتی آرہی ہے ۔ وائیور سنٹرل جیل کی سپرنٹنڈنٹ نرملا نڈن نائر نے بتایا کہ یہ پہلی بار بریانی آن لائن فروخت کررہے ہیں ۔ ہم نے 2011ء میں چپاتی بنایا اور فروخت کرنا شروع کیا تھا ۔ اس بریانی کا ذائقہ بہتر ہونے اور قیمت کم ہونے سے یہ کافی مقبول ہوچکی ہے ۔