کیرالا میں شاورما بیچنے والی دکانوں کیخلاف کارروائی

   

ترواننت پورم۔ 9 اگست (یو این آئی) کیرالا میں شاورما سے ہونے والی متواتر اموات اور فوڈ پوائزننگ کے کئی معاملات کو دیکھتے ہوئے فوڈ سیفٹی ڈپارٹمنٹ نے 1,557 مقامات کا معائنہ کیا اور لازمی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے 45 دکانوں کے لائسنس منسوخ کر دیئے ۔ یہ معائنہ ریاست بھر میں اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے کہ شاورما فروخت کرنے والی دکانیں حکومتی اصولوں پر عمل کریں۔ رات کے وقت ہونے والی ا اس کارروائی میں کل 59 دستے شامل تھے اس دوران 256دکانوں کو معیار میں مزید بہتری کے لیے نوٹس جاری کیے گئے جبکہ 263 دیگر کو کمپرومائز نوٹسز جاری کیے گئے ۔ فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ نے اس سے قبل ریاست میں شاورما کی تیاری اور آپریشن کے لیے تفصیلی رہنما خطوط جاری کیے تھے ۔ وزیر صحت وینا جارج نے کہا کہ شاورما فروخت کرنے والے تمام اداروں کو حکومت کے فوڈ سیفٹی رہنما خطوط پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ رہنما خطوط کے مطابق، کیرالہ میں کچے انڈوں سے تیار کردہ مایونیز کا استعمال ممنوع ہے اور شاورما کو غیر صحت بخش حالات میں تیار یا فروخت نہیں کیا جانا چاہیے ۔
مزید برآں، کوئی بھی شخص خوراک کے تحفظ اور معیارات(ایف ایس ایس) سے متعلق ایکٹ کے تحت جائز لائسنس یا رجسٹریشن کے بغیر خوراک کا کوئی کاروبار شروع کر سکتا یا چلا سکتا ہے اورکھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے والوں کے لیے ہیلتھ کارڈز لازمی ہیں۔ عوام کو کسی بھی قسم کی شکایات محکمہ میں درج کرانے کی ترغیب دی گئی ہے ۔