کوٹائم میں زمینی تودے کھسکنے سے کئی افراد کے گمشدہ ہونے کی اطلاع ، فوج تعینات
تروننتا پورم : کیرالا میں آج صبح سے شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ جس کے نتیجہ میں بیشتر علاقوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔ ریاست کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا ہے اور کئی دریائیں اپنی سطح سے اوپر بہہ رہی ہیں ۔ کوٹائم میں زمینی تودے کھسکنے سے 6 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ کئی افراد کے گمشدہ ہونے کی اطلاع ہے ۔ سبری مالا یاتریوں پر 17 اور 18 اکٹوبر کو پابندی عائد کردی گئی ہے کیوں کہ ضلع پتھناپتھیتا میں گذشتہ دو دن سے شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ ضلع کے ڈیزاسسٹر مینجمنٹ حکام نے بتایا کہ پامبا میں سیلاب کا خطرہ ہے ۔ ضلع تھریسور میں تمام تفریحی مقامات کو آئندہ تین دنوں کے لیے بند کردیا گیا ہے ۔ دریائے مالاپرزا کے دروازوں کو 21 سنٹی میٹر تک اُٹھا دیا گیا ہے ۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوج کو تعینات کیا گیا ہے جب کہ فضائیہ کو بھی تیار رکھا گیا ہے ۔ کیرالا حکومت کی جانب سے ریاست کے ڈیزاسسٹر مینجمنٹ حکام کی مدد کے لیے انڈین ایر فورس اور فوج سے مدد طلب کی گئی ہے ۔ کئی اضلاع میں فوج کو تعینات کیا گیا ہے ۔ کوٹائم میں موسم انتہائی خراب ہے ۔ جس کی وجہ سے فضائیہ کی جانب سے کوئی امدادی کام تاحال شروع نہیں کیا گیا ہے ۔ پنگوڈ فوجی اڈے سے بھاری تعداد میں فوجیوں کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے ۔ حکومت کی درخواست پر فضائیہ کا Mi-17 اور سارنگ ہیلی کاپٹرس کو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رکھا گیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق کنجار کے قریب ایک پل پر سیلاب کے پانی میں کار بہہ گئی ۔ جہاں دو افراد کے گمشدہ ہونے کی بھی اطلاع ہے ۔ بحریہ کے غوطہ خوروں اور امدادی ٹیموں کو بھی تیار رکھا گیا ہے ۔ ایک ضلع میں ایک شخص کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جب کہ دیہی کوٹائم میں زمینی تودے گرنے سے 12 افراد کے گمشدہ ہونے کی اطلاع ہے ۔ شدید بارش اور سیلاب کی وجہ سے پولیس اور محکمہ فائر کا اس مقام تک پہونچنا بھی مشکل ہوگیا ہے ۔ این ڈی آر ایف کی 11 ٹیمیں بھی تعینات کی گئیں۔۔