کیرالا میں شدید گرمی، کئی جگہ درجہ حرارت 54 ڈگری

   

تھرواننتاپورم: مارچ کا مہینہ ابھی شروع ہوا ہے لیکن ابھی سے ہی عوام کو جون کی شدید گرمی کا سامنا ہے۔ ملک کی کئی ریاستوں میں شدید گرمی اپنا پرانا ریکارڈ توڑ رہی ہے ،اور گرمی کے باعث لوگوں کا گھروں سے نکلنا مشکل ہو گیا ہے۔ ساحلی ریاست کیرالا میں بھی شدید گرمی شروع ہو گئی ہے۔ جمعرات (9 مارچ) کو کیرالا اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی تیار کردہ رپورٹ کے مطابق ریاست کے کچھ مقامات پر درجہ حرارت 54 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔ایسی صورتحال میں سنگین امراض کا خطرہ لاحق ہے اور آنے والے دنوں میں ہیٹ اسٹروک (لو لگنا) کا امکان ہے۔کے ایس ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق ترواننت پورم ضلع کے جنوبی سرے اور الاپوزا، کوٹائم اور کنور اضلاع کے کچھ علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 54 ڈگری سیلسیس سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ کولم، کوٹائم، ایرناکولم، کوزیکوڈ اور کنور کے بڑے علاقوں میں بھی درجہ حرارت 45 سے 54 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔