کیرالا میں مانسون کے تیسرے روز بارش کی تباہ کاریاں، 3 ہلاک

,

   

Ferty9 Clinic

تھرواننتاپورم ۔ 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا کے بعض حصوں میں مانسون بارش کے تیسرے دن بڑے پیمانے پر تباہ کاریاں ہوئی ہیں جس کے نتیجہ میں کم سے کم 3 افراد ہلاک ہوگئے۔ بحیرہ عرب میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب صورتحال مزید تشویشناک ہوگئی ہے۔ بارش سے متعلق اموات کے تین متوفیوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے جو سڑک پر جمع شدہ پانی میں برقی رو دوڑجانے کے سبب فوت ہوگئی۔ کوچی میں ایک درخت گرنے کے نتیجہ میں ایک شخص ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہیکہ بحیرہ عرب میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے نتیجہ میں شمال ۔ شمال مغربی سمت گذشتہ 6 گھنٹوں سے 15 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور اندیشہ ہیکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ طوفان و تموج مزید شدت اختیار کر جائے گا۔ بحیرہ عرب کا طوفان پیر کو 11:30 بجے دن لکشادیپ کے شمال مغربی علاقہ امین دیوی سے 250 کیلو میٹر کے فاصلہ پر مرکوز تھا جس کے اثر سے اس علاقہ میں آئندہ 3 دن کے دوران کئی مقامات پر اوسط یا موسلادھار بارش کے امکانات ہیں۔ 35 تا 45 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں شدت اختیار کرتے ہوئے 55 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی جس کے نتیجہ میں بالخصوص ساحلی کیرالا اور کرناٹک کے علاقوں میں طوفانی ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔ ماہی گیروں کو آئندہ دو دنوں کے درمیان سمندروں میں جانے کے خلاف خبردار کیا گیا ہے۔ جنوب مغربی مانسون کے 8 جون کو آغاز کے بعد بارش سے متعلق پہلے ہلاکت خیز واقعہ میں ایک 63 سالہ مرد اور 60 سالہ عورت برقی کیبل کی زد میں آنے کے سبب شہر کے پیٹہ علاقہ میں فوت ہوگئے تھے۔ کوچی میں لاٹری کا کاروبار کرنے والا ایک شخص جو اپنی موٹر سائیکل پر جارہا تھا، ایک درخت جڑ سے اکھڑ کر گرنے کے سبب فوت ہوگیا۔ ایک کار بھی اس درخت کے گرنے سے تباہ ہوگئی۔ کار میں موجود دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں دواخانہ منتقل کردیا گیا ہے۔