کیرالا میں ملک گیر ہڑتال سے معمولات زندگی متاثر

   

ترواننت پورم، 12 فروری (یو این آئی) کیرالا میں جمعرات کو مرکز کے لیبر مخالف قانون اور دیگر پالیسی فیصلوں کے خلاف مرکزی ٹریڈ یونینوں کی طرف سے بلائی گئی 24 گھنٹے کی ملک گیر عام ہڑتال کی وجہ سے عام زندگی متاثر ہوئی۔آدھی رات سے ہی شہروں، قصبوں اور دیہی علاقوں میں ہڑتال کا اثر نظر آنے لگا، ٹرانسپورٹ خدمات ٹھپ ہوگئیں، دکانیں بند رہیں اور دفاتر میں بہت کم حاضری ہوئی۔ہڑتال کا سب سے زیادہ اثر پبلک ٹرانسپورٹ پر پڑا۔ کیرالا اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (کے ایس آرٹی سی) کی بسیں زیادہ تر ڈپووں سے سڑکوں سے غائب تھیں، جب کہ نجی بسیں، آٹورکشا، اور ٹیکسی خدمات بھی ہڑتال میں شامل ہوگئیں، جس سے ترواننت پورم، کوچی، کوزی کوڈ اور دیگر بڑے شہروں میں سڑکیں سنسان ہو گئیں۔بینکوں اور سرکاری دفاتر میں کم ہی حاضری رہی۔ ہڑتال کے پیش نظر اسکولوں اور کالجوں سمیت کئی تعلیمی اداروں نے کام کو روک دیا اور کچھ طے شدہ امتحانات ملتوی کردیئے گئے۔