کوٹّیم۔ 8 نومبر (یو این آئی) بی جے پی کی کیرالا یونٹ کے نائب صدر ایڈوکیٹ شان جارج نے ہفتہ کے روز الزام لگایا کہ کانگریس پوری ریاست میں جماعتِ اسلامی کے ساتھ خفیہ اتحاد کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس انتخابی فائدہ حاصل کرنے کے لیے قومی مفادات سے سمجھوتہ کر رہی ہے ۔ ایراٹّوپیٹّا کی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے جارج نے کہا کہ کانگریس بظاہر یہ دعویٰ کرتی ہے کہ اس کا جماعتِ اسلامی یا اس کی سیاسی شاخ، ویلفیئر پارٹی آف انڈیا، کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں ہے ، لیکن ان کے درمیان تعلقات اب بالکل واضح ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایراٹّوپیٹّا میں کانگریس۔جماعتِ اسلامی کا اتحاد اب کوئی راز نہیں رہا، یہ واضح طور پر نظر آ رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ ایراٹّوپیٹّا میونسپل انتخابات میں ویلفیئر پارٹی کے امیدوار تیسرے اور تیرہویں وارڈ سے یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایراٹّوپیٹّا میں ایسا اتحاد موجود ہے تو یہ کیرالا میں دونوں جماعتوں کے درمیان ایک گہرا اور خفیہ معاہدہ کا اشارہ ہے ۔ جارج نے کانگریس کو ان تنظیموں کے ساتھ اتحاد کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جو ملک کے آئین کو تسلیم نہیں کرتیں۔ انہوں نے ایسے کو اتحاد کو ملک مخالف اور قومی یکجہتی و سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس محض انتخابی مفاد کیلئے مذہبی انتہا پسند طاقتوں کو فروغ دے رہی ہے ۔ انہوں نے نیلامبور ضمنی انتخاب میں یو ڈی ایف اور جماعتِ اسلامی کے تجرباتی اتحاد کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد یو ڈی ایف نے پوری ریاست میں جماعتِ اسلامی کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔