کیرالا کی شاہراہوں پر 12,000 جوڑ پبلک ٹائلٹس کی تعمیر کا فیصلہ

   

تھرواننتاپورم ، 19 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا میں ریاستی اور قومی شاہراہوں اور دیگر اہم سڑکوں کے پاس عنقریب ہزاروں ٹائلٹ کامپلکس تعمیر کئے جائیں گے، جو بائیں بازو کی حکومت کے پُرعزم صاف صفائی پروگرام کا بنیادی حصہ ہے۔ ریاستی حکومت ہائی ویز پر (مَردوں اور عورتوں دونوں کیلئے) پبلک ٹائلٹس کے 12,000 جوڑ قائم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ چیف منسٹر پی وجین کی صدارت میں چہارشنبہ کو کابینی اجلاس نے کو مقامی عوام کی حکمرانی والے اداروں کو ایسی ہدایت دینے کا فیصلہ کیا کہ اسٹیٹ اور نیشنل ہائی ویز کے پاس ٹائلٹس کی تعمیر کیلئے اپنے متعلقہ علاقوں میں ہر جگہ تین سینٹس (ایک سینٹ قطعہ زمین ایک ایکڑ یا 43,560 مربع فیٹ کا 100 واں حصہ یعنی 435.6 مربع فیٹ ہوتا ہے) اراضی کی نشاندہی کریں۔ سی ایم او کی جانب سے یہاں جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ سڑک کے راستے سفر کے دوران عوام بالخصوص عورتوں اور بچوں کو سرکاری بیت الخلاء کی کمی کے سبب مشکلات پیش آرہی ہیں۔