کٹپنا 13 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا کے ضلع ایڈوکی میں نیڈون گنڈم کے قریب ایک مسجد میں ریاستی بی جے پی کے سکریٹری اے کے نظیر پر حملہ کیا گیا جہاں وہ شہریت ترمیمی قانون پر منعقدہ ایک پروگرام میں حصہ لے رہے تھے۔ بی جے پی نے الزام عائد کیاکہ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) اور سی پی آئی (ایم) کی حامی تنظیم ڈیموکریٹک یوتھ فیڈریشن (ڈی وائی ایف آئی) اس حملہ کے پس پردہ کارفرما ہے لیکن پولیس نے استدلال پیش کیاکہ یہ واقعہ مسجد کے اندر پیش آیا ہے۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ بی جے پی لیڈر نظیر پر کس نے حملہ کیا ہے۔ توکوپالم جمعہ مسجد میں عوام کے ایک گروپ نے بی جے پی لیڈر کو روک دیا تھا۔ لیکن امام مسجد نے اُنھیں نماز ادا کرنے کی اجازت دی تھی اور نماز کے دوران چند افراد نے ان پر پیچھے سے کرسی کے ذریعہ حملہ کا نشانہ بنایا۔