کیرالا کی مسجد میں ہندو جوڑے کی شادی

,

   

ریاست ہمیشہ متحد رہے گی ۔ چیف منسٹر پی وجئین کا رد عمل ۔ نوبیاہتا جوڑے کو مبارکباد

الاپوزا( کیرالا ) 19 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام )کیرالا کے شہر الاپوزا میں ایک مندر میں شادی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ایک ہندو جوڑا اس بندھن میں بندھ گیا ۔ تقریب یہاں چیرو لی مسلم جماعت مسجد میں ہندو روایات کے مطابق منعقد ہوئی جس میں دونوں ہی فرقوں سے تعلق رکھنے والے مہمانوں نے شرکت کی ۔ دلہن انجو اور نوشہ شرت نے مسجد کے احاطہ میں ایک پجاری کی موجودگی میں شادی کے رسوم ادا کئے اور اس بندھن میں بندھ گئے ۔ مسجد کے احاطہ کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے اس مظاہرہ کے موقع پر سجایا گیا تھا ۔ مسجد کے احاطہ میں ویجیٹیرین کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا ۔ چیف منسٹر کیرالا پی وجئین نے فیس بک پوسٹ پر اس نوجوان جوڑے کو شادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ ریاست نے ہمیشہ ہی مذہبی ہم آہنگی کی خوبصورت مثالیں پیش کی ہیں۔ شادی کی یہ تقریب مسجد میں ایک ایسے موقع پر منعقد ہوئی جبکہ مذہب کے نام پر عوام کو بانٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ پی وجئین نے نو بیاہتا جوڑے کو شادی کی مبارکباد دیتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے جوڑے کے افراد خاندان و مسجد کمیٹی کو بھی مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ کیرالا ایک ہے اور ہم متحد رہیں گے ۔ انہوں نے تقریب کی تصویر بھی فیس بک پر پوسٹ کی ۔ چونکہ انجو ایک غریب خاندان سے تعلق رکھتی ہے اس لئے انجو کی والدہ نے مسجد کمیٹی سے مدد کی خواہش کی تھی جس نے یہ سارا انتظام کیا ۔ مسجد کمیٹی کی جانب سے انجو کیلئے سونے کے زیورات اور دولاکھ روپئے کے تحفہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا ۔ 1000 مہمانوں کی ضیافت کی گئی ۔