کوچی :کیرالا کے شہر کوچی میں ایک نجی مارکیٹنگ کمپنی کے اندر مبینہ طور پر ملازمین کیساتھ غیر انسانی سلوک کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیلز ٹارگٹ پورا نہ کرنے پر ملازمین کو جانوروں کی طرح گلے میں زنجیر ڈال کر گھسیٹا جا رہا ہے اور انہیں گھٹنوں کے بل چلنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔پولیس کے مطابق یہ ویڈیو چار ماہ پرانی ہے اور کمپنی کے ایک سابق منیجر نے اسے ریکارڈ کیا تھا، جس کا کمپنی مالکان سے پرانا تنازعہ تھا۔منیجر کا دعویٰ ہے کہ یہ ایک “ٹریننگ سرگرمی’’ تھی، مگر پولیس نے اسے “گمراہ کن ویڈیو’’ قرار دیا ہے۔ایک اور ویڈیو میں دکھایا گیا کہ کچھ ملازمین کو سزا کے طور پر کپڑے اتارنے پر مجبور کیا گیا۔ جیسے ہی یہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، ریاستی لیبر محکمہ نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا اور مکمل رپورٹ طلب کر لی۔پولیس نے ویڈیو میں نظر آنے والے ملازمین کے بیانات ریکارڈ کیے ہیں جنہوں نے سابق منیجر کو اس تمام صورتحال کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والے ایک فرد نے میڈیا کو بتایا کہ “ادارے میں کوئی ہراسانی نہیں ہوئی’’ اور یہ سب سابق منیجر کی چال ہے جو ادارہ کو بدنام کرنا چاہتا ہے۔