کیرالا کے طلبہ سے متعلق پروفیسر پر تنازعہ

   

نئی دہلی ۔ آر ایس ایس سے تعلق رکھنے والے ایک پروفیسر کا کہنا ہے کہ ریاست کیرالا کے طلبہ زیادہ نمبر لا کر سازش کے تحت دہلی یونیورسٹی میں داخلہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے اسے مارکس جہاد تک کہہ ڈالا۔ ہندوستان کی موقر دہلی یونیورسٹی میں ان دنوں انڈر گریجویٹ کورسز میں داخلے جاری ہیں۔ دہلی یونیورسٹی کے تحت 77 کالج ہیں، جن میں مجموعی طور پر تقریباً 70 ہزار طلبہ کو داخلہ ملتا ہے۔ دہلی یونیورسٹی میں داخلہ لینا تقریباً ہر طالب علم کا خواب ہوتا ہے۔ اس سال بھی 4لاکھ 38 ہزار سے زیادہ طلبہ اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ ایسے میں دہلی یونیورسٹی کے کروڑی مل کالج میں فزکس کے پروفیسر راکیش پانڈے کے ایک بیان نے ہنگامہ برپا کر دیا ہے، جو سیاسی رنگ بھی اختیار کرتا جا رہا ہے۔