کوچی 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پولیس نے جمعرات کے دن زبردستی پیرابوم چرچ میں داخل ہوکر ایک تازہ تنازعہ پیدا کردیا۔ عیسائیوں کے دو فرقوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی اور ضلع ایرناکولم کشیدگی کی گرفت میں آگیا۔ مبینہ طورپر پولیس مزاحمت کرنے والے جیکوبائٹ کو چرچ سے نکال باہر کرنے کے لئے داخل ہوئی تھی۔ مبینہ طور پر مزاحمت کی شکایت عیسائیوں کے ایک اور فرقہ نے جیکوبائٹ کے خلاف درج کروائی تھی۔ کلکٹر نے جیکوبائٹ چرچ کے قائدین سے تعاون کرنے کی اپیل کی اور کہاکہ اُنھیں مفاہمت کے لئے بات چیت کی میز پر آنے کی دعوت دی جاتی ہے۔ ریاستی حکومت نے جمعہ کی صبح تک مہلت طلب کی ہے تاکہ مفاہمت کا اجلاس چرچ کے احاطہ میں ہی منعقد کیا جائے اور اُمید ہے کہ عیسائیوں کے دونوں متصادم فرقے بات چیت کی میز پر مفاہمت کے لئے جمع ہوں گے۔