مانسون نے بالآخر جمعرات کو کیرالہ میں دستک دیدی۔ تاہم ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید طوفان بیپر جائے کی وجہ سے اس کے شروع میں ہلکا رہنے کا امکان ہے۔ اس سے پہلے یہ پیشین گوئی کی گئی تھی کہ مانسون یکم جون کو پہنچے گا، لیکن اس مرتبہ سات دن کی تاخیر کے بعد ریاست میں بارش کا دور شروع ہو گیا ہے۔ آئی ایم ڈی نے کہا ہے کہ سمندری طوفان بیپرجائے کی وجہ سے اگلے 48 گھنٹوں کے دوران وسطی بحیرہ عرب ، تمل ناڈو، کرناٹک، جنوب مغربی شمال مشرقی خلیج بنگال، شمال مشرقی ریاستوں اور کیرالہ کے باقی حصوں میں مانسون کے آگے بڑھنے کے لئے حالات سازگار ہیں۔مانسون کی صورتحال کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے پہلے ہی ماہی گیروں کو سمندر میں نہیں جانے کا الرٹ جاری کر دیا تھا۔ آئی ایم ڈی کے مطابق جنوب مشرقی بحیرہ عرب کے اوپر کم دباؤ کا علاقہ بننے اور اس میں تیزی آنے کی وجہ سے سمندری ہوائیں مانسون کے کیرالہ کے ساحل کی طرف بڑھنے کو متاثر کر سکتی ہیں۔