کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے کہا – آر ایس ایس اقلیتوں کو ملک کا دشمن مانتی ہے

   

کیرالہ کے وزیر اعلی پنارائی وجین نے جمعرات کو راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) پر مسلمانوں اور عیسائیوں کو “ملک کا دشمن” سمجھنے کا الزام لگایا اور کہا کہ تمام لوگوں کو اس طرح کی تفرقہ انگیز کارروائیوں کے خلاف متحد ہونا چاہیے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے وجین کے اس بیان پر سخت تنقید کی ہے۔ وجین نے کہا کہ آئین، جو ذات پات کے امتیاز اور مذہبی منافرت کے خلاف لڑنے کا بہترین ہتھیار ہے، اس وقت حملے کی زد میں ہے۔وزیر اعلیٰ نے الزام لگایا کہ سنگھ پریوار اور آر ایس ایس نے واضح کر دیا ہے کہ ان کا مقصد ہندوستان کو ‘ہندو راشٹرا’ میں تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکز میں برسراقتدار پارٹی ایک ایسے سیاسی گروہ کی پیروکار ہے جس نے جدوجہد آزادی میں حصہ نہیں لیا۔