کیرکٹر سرٹیفکیٹ دینے میں سشیل کمار کا کوئی ثانی نہیں: کشور

   

پٹنہ۔25 جنوری ۔( سیاست ڈاٹ کام ) بہار میں حکمران جنتا دل متحدہ (جے ڈی یو) کے لیڈر اور انتخابی پالیسی ساز پرشانت کشور نے آج ایک بار پھر نائب وزیر اعلی سشیل کمار مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ کیرکٹر سرٹیفکیٹ دینے میں مودی کا کوئی ثانی نہیں ہے ۔ کشور نے ٹوئٹر پر جے ڈی یو کے قومی صدر نتیش کمار کے خلاف بی جے پی کے سینئر لیڈر مودی کا ایک ویڈیو اور اب ان کی حمایت میں دئیے گئے بیان کو پوسٹ کرکے کہا کہ لوگوں کوکیرکٹر سرٹیفکیٹ دینے میں سشیل کمار مودی کاکوئی ثانی نہیں ہے ۔ دیکھئے پہلے بول کر بتا رہے تھے اور اب نائب وزیر اعلی بنا دئیے گئے تو لکھ کر دے رہے ہیں۔ ان کی کرونولوجي بھی بالکل واضح ہے ۔جے ڈی یو لیڈر کی جانب سے پوسٹ کردہ ویڈیو جس میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے ساتھ نتیش کمار کے حکومت بنانے کے بعد مودی کہہ رہے ہیں کہنتیش کمار اپنے آپ کو بہار کا مترادف سمجھنے لگے ہیں۔ وہ خود کو سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی طرح ’’اندرا بھارت ہے اور بھارت اندرا‘‘ ،’’نتیش بہار ہے اور بہار نتیش ‘‘تو اب وہ زمانہ چلا گیا ہے ۔ نتیش کے ڈی این اے میں خیانت ہے ، فراڈ ہے ۔ انہوں نے جیتن مانجھی کو17 سال کی دوستی کے بعد بی جے پی کو اور بہار کے لوگوں کے مینڈیٹ کو دھوکہ دیا۔ اس شخص نے شیوانند تواری، جارج فرنانڈیز سے لے کر لالو یادو تک کے ساتھ دھوکہ کیا ہے ۔ یہ دھوکہ اور فراڈ نتیش کمار کا ڈی این اے ہے نہ کہ بہار کے لوگوں کا۔