کیر ٹیکر گرفتار ، ضعیف شہری سے لاکھوں روپئے مالیتی اشیاء کے سرقہ کا شاخسانہ

   

ملزم کا ماضی میں بھی ریکارڈ خراب ، ملز م کی عدالتی تحویل ، ونستھلی پورم پولیس کی کارروائی
حیدرآباد /17 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) ونستھلی پورم پولیس نے ایک کیر ٹیکر کو گرفتار کرلیا جس نے ایک مکان سے جہاں وہ کام کرتا تھا ۔ ضعیف شہری کو دھوکہ دیکر تین لاکھ روپئے کی اشیاء کا سرقہ کیا تھا ۔ اے سی پی ونستھلی پورم مسٹر شنکر کے مطابق 21 سالہ کے یو راجو عرف یوی عرف راجو متوطن کھمم کو گرفتار کرلیا گیا ۔ راجو امیرپیٹ کے علاقہ میں واقع ایک ہاسٹل میں رہتا تھا ۔ ڈگری کی تعلیم کی تکمیل کے بعد یو راجو کھمم سے حیدرآباد منتقل ہوگیا اور امیرپیٹ کے علاقہ میں رہنے لگا ۔ پہلے یہ شخص ہوٹلس اور ریسٹورنٹس میں کام کرتا تھا اور عیش پسند زندگی گذارنے کا عادی بن گیا تھا ۔ شراب کا نشہ کرنا اس کی عادت بن گئی تھی ۔ ایک دن اس نے اخبار میں کیر ٹیکر کی ضرورت کا ایک اشتہار دیکھا اور فوری اشتہاری ضرور والے شخص کے مکان پہونچ گیا اور ملازمت اختیار کرنے کے ساتھ ہی اس نے اس سینئیر سٹیزن کو ٹھگنے کا منصوبہ تیار کرلیا ۔ پولیس کے مطابق سابق میں یہ شخص ایسی تین وارداتیں انجام دے چکا ہے ۔ ونستھلی پورم اور نریڈمیڈ پولیس حدود میں اس نے دھوکہ دہی کے واقعات انجام دئے ۔ اولڈ ایج ہومس اور ہوم کیر سرویس سے رجوع ہوکر ملازمت کے مواقع تلاش کرتا تھا ۔ اس نے مکان میں طلائی زیورات کو محفوظ رکھنے کی جگہ سے آگہی حاصل کرلی اور گھر والوں کا بھروسہ حاصل کرنے کے بعد 2 تا 10 یوم کے اندر سرقہ کرنے کے بعد فرار ہوجاتا تھا ۔ اور ونستھلی پورم کے سینئیر سٹیزن کے یہاں بھی اس نے ایسا ہی کیا ۔ پولیس نے اسے گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دے دیا ۔