ہندوستانی گینگ کے 90 افراد، 20 کروڑ نقد ،گیمنگ چپس ضبط، ایک خاتون کا کلیدی رول
حیدرآباد۔یکم ؍ مئی، ( سیاست نیوز) کیسینو کنگ چکوٹی پراوین تھائی لینڈ میں اپنے کچھ ساتھیوں کے ہمراہ گرفتار ہوگیا جن میں 14 خواتین بھی شامل ہیں۔ تھائی لینڈ کے شہر پٹایا میں ٹاسک فورس پولیس نے جوا کھیلنے والے ایک ہندوستانی گینگ کے جملہ 90 افراد کو گرفتار کرلیا ان میں چکوٹی پراوین بھی شامل ہونے کی خبر ہے۔ اس گینگ میں 14 خواتین بھی شامل ہیں۔ ان کے پاس سے بھاری مقدار میں نقدرقم اور گیمنگ چپس بھی برآمد کی گئی۔ چکوٹی کی قیادت میں جوا کھیلنے کے الزامات عائد کئے جارہے ہیں۔ ذرائع سے پتہ چلا کہ 20 کروڑ روپئے نقد، 8 کلوز سرکٹ ٹیلی ویژن کیمرے، 92 موبائیل فونس اور تین نوٹ بکس ضبط کئے گئے ۔ فی الحال چکوٹی پراوین کو پولیس کی اسپیشل ٹیمیں حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی اطلاعات ہیں۔ اس بات کا بھی پتہ چلا ہے کہ تھائی لینڈ میں جرم ثابت ہونے پر سخت سزائیں دی جاتی ہیں۔ تاہم چکوٹی پراوین معاملے میں پولیس کیا کارروائی کرتی ہے اس پر ان کے حامی پریشان ہیں۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ 27 اپریل سے ایک ہوٹل میں کانفرنس ہال کرائے پر حاصل کرکے یہ اسکینڈل چلایا جارہا تھا۔ بتایا جارہا ہے کہ اس سارے واقعہ میں ایک خاتون نے کلیدی رول ادا کیا ہے وہ بھی پولیس کی تحویل میں ہے۔ تھائی لینڈ میں جوا کھیلنے ہر شخص سے لاکھوں روپئے وصول کئے گئے ہیں۔ چکوٹی کے ساتھ مادھو ریڈی اور ڈی سی سی کے چیرمین دیویندر ریڈی بھی پٹایا پولیس حراست میں ہیں۔ تھائی لینڈ میں گرفتار ہونے والوں کی تصویر سوشیل میڈیا میں وائرل ہورہی ہے۔ تصویر میں چکوٹی پراوین صاف نظر آرہے ہیں۔ راؤنڈاپ کرکے دیگر لوگوں کی تصویریں بھی وائرل کی جارہی ہیں۔ ان کے ہمراہ کئی خواتین بھی شامل ہیں۔ن