حیدرآباد 26 ڈسمبر ( یو این آئی) تلنگانہ کے ضلع رنگا ریڈی کے کیشم پیٹ میں تیندوے کی موجودگی سے ہلچل پیدا ہوگئی ۔ اس کے پنجوں کے نشانات مختلف مقامات پر پائے گئے جس کے نتیجہ میں مقامی عوام تشویش کا شکار ہیں۔ عوام نے اس کی اطلاع محکمہ جنگلات کو دیدی ہے تاہم مقامی افراد کا کہنا ہے کہ حکام نے ان کی شکایت کو نظرا نداز کردیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ خوف کے عالم میں ہیں کیونکہ تیندوا کسی بھی وقت کسی پر بھی حملہ کرسکتا ہے ۔ عوام رات کے وقت گھر میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔