ناموں کو چیف منسٹر کے سی آر کی منظوری ۔ آج پرچہ نامزدگی کے ادخال کا امکان
حیدرآباد۔12مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی کے راجیہ سبھا امیدواروں کے نامو ں کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے منظوری دے دی ہے اور دونوں امیدواروں کی جانب سے کل پرچۂ نامزدگی داخل کئے جانے کا امکان ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے تلنگانہ راشٹر سمیتی کے دو ارکان راجیہ سبھا کیلئے جن ناموں کا اعلان کیا ان میں کے کیشو راؤ رکن راجیہ سبھا اور سابق اسپیکر اسمبلی کے سریش ریڈی شامل ہیں۔ ٹی آر ایس دو ارکان راجیہ سبھا کیلئے کئی نام گشت کر رہے تھے اور کئی قائدین کی جانب سے راجیہ سبھا کیلئے اپنے طور پر سرکردہ قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے اس بات کی کوشش کی جا رہی تھی کہ راجیہ سبھا کی ٹکٹ حاصل کی جائے لیکن آج اسمبلی میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤنے اپنے چیمبر میں دونوں قائدین کے ناموںکو قطعیت دیتے ہوئے سب کو حیرت میں مبتلاء کردیا کیونکہ راجیہ سبھا کیلئے جو نام گشت کر رہے تھے ان میں سابق اسپیکر مسٹر کے سریش ریڈی کا نام کہیں بھی نہیں تھا لیکن بتایا جاتا ہے کہ خود چیف منسٹر نے ان کے نام کی تجویز پیش کرتے ہوئے اسے قطعیت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ مسٹر کے کیشوراؤ کو دوبارہ راجیہ سبھا بھیجے جانے کی قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں اور ان کے نام پر کسی کو حیرت نہیں ہوئی لیکن کہا جا رہاہے کہ سریش ریڈی کے نام کو قطعیت دیئے جانے سے کئی قائدین حیرت میں مبتلاء ہوچکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نظام آباد سے اپنی دختر کے کویتا کی شکست کے بعد سے نظام آباد کے حالات کو تبدیل کرنے کے سلسلہ میں غور کر رہے تھے اور انہو ںنے نظام آبادمیں بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ڈی اروندکے اثر کو کم کرنے کیلئے آرمور سے تعلق رکھنے والے کے سریش ریڈی کا راجیہ سبھا کیلئے انتخاب کیا ہے۔ صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی و چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے ان دو ناموںکے اعلان کے ساتھ ہی کئی حلقوں میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی کیونکہ ٹی آر ایس کے بعض قائدین کی جانب سے یہ دعوی کیا جا رہا تھا انہیں کارگذار صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے راجیہ سبھا روانہ کرنے کا وعدہ کیا ہے اور کسی بھی صورت راجیہ سبھا کی نشست حاصل کریں گے اسی طرح طبقاتی اساس پر جائزہ لینے والوںکی جانب سے بھی یہی کہا جا رہا تھا ۔