دبئی ، 20 اگست (آئی اے این ایس):آسٹریلیا کے خلاف پہلے ونڈے میں شاندار مظاہرہ کرنے والے جنوبی افریقی اسپنرکیشو مہاراج ونڈے میں نمبر ون بولر بن گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف 33 رنزکے عوض 5 وکٹیں لینے والے کیشو مہاراج نے دو سال بعد دوبارہ نمبرایک مقام حاصل کرلیا ہے ۔ اس سے پہلے وہ سال 2023 میں ونڈے میں نمبرایک بولر بنے تھے۔ ٹیم انڈیا کے اسپنرکلدیپ یادو اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ آئی سی سی ونڈے درجہ بندی میں ٹاپ10 میں اسپنرزکا غلبہ ہے۔ نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر میٹ ہنری کے علاوہ باقی تمام بولرس اسپنر ہیں۔ سری لنکا کے مہیش تیکشنا دوسرے نمبر پر ہیں۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چہارشنبہ20 اگست کو ونڈے درجہ بندی جاری کی۔ فہرست میں دو سال بعدکیشو مہاراج ایک بار پھر نمبر ون بولر بن گئے۔ انہوں نے سری لنکن اسپنر مہیش ٹیکشنا کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ونڈے میں پہلی بار5 وکٹ لینے والے کیشو مہاراج کے کھاتے میں 687 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ تیکشنا 671 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ اس فہرست میں دو ہندوستانی بھی ہیں۔ اسپنر کلدیپ یادیو 650 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، جب کہ آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ (616) نویں نمبر پر ہیں۔نمیبیا کے اسپنر برنارڈ شولٹز اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ افغانستان کے اسپنر پانچویں اور نیوزی لینڈ کے اسپنر مچل سیٹنر چھٹے نمبر پر ہیں۔ آسٹریلیا کے ایڈم زمپا دسویں نمبر پر ہیں۔