کیشپ کو سیمی فائنل میں شکست

   

انچیان 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کوریا اوپن میں ہندوستان کی واحد اُمید پروپلی کیشپ کو شاندار مظاہرے کرنے کے باوجود آج یہاں سیمی فائنل میں شکست برداشت کرنی پڑی۔ کیشپ کو جاپان کے عالمی نمبر ایک کھلاڑی کینٹو موموٹا کے صرف 40 منٹوں میں ہی 13-21 ، 15-21 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ کوریا اوپن میں ہندوستان کے لئے نتائج مایوس کن رہے۔ جیسا کہ خاتون زمرے میں کھیلے گئے پہلے مرحلہ کے مقابلہ میں ہی عالمی چمپئن پی وی سندھو اور لندن اولمپکس کی ڈرونس میڈلسٹ سائنا نہوال کو باہر ہونا پڑا تھا جس کے بعد کیشپ ہی واحد اُمید تھے۔ 2014 ء کامن ویلتھ گیمز کے گولڈ میڈلسٹ کیشپ نے 4 برس قبل انڈونیشیا اوپن میں موموٹا کے خلاف مقابلہ کھیلا تھا اور اُس کے بعد آج یہاں اِن کا حریف کھلاڑی سے دوسرا مقابلہ تھا لیکن نتیجہ یکساں رہا کیوں کہ 4 سال قبل بھی انھیں شکست برداشت کرنی پڑی تھی اور ٹورنمنٹ میں بہتر مظاہروں کے بعد آج بھی شکست ہوگئی۔