کُل ہند انجمن ترقی پسند مصنفین کی تقاریب ، کُل ہند سطح کے سرکردہ شخصیتوں کی شرکت
حیدرآباد۔/29 نومبر، ( پریس نوٹ ) کُل ہند انجمن ترقی پسند مصنفین تلنگانہ کے زیر اہتمام کیفی اعظمی صدی تقاریب 30 نومبر اور یکم ڈسمبر 2019 کو اردو ہال حمایت نگر میں منعقد ہوگی۔ جس کا عنوان ’’ کیفی اعظمی فکر و فن ‘‘ رکھا گیا ہے۔ صدر تلنگانہ انجمن ترقی پسند مصنفین پروفیسر فاروق بخشی اور جنرل سکریٹری انجمن جناب ایس اے رؤف کے بموجب 30 نومبر کو 4 بجے شام اردو ہال حمایت نگر میں افتتاحی اجلاس منعقد ہوگا جس میں جناب سید عزیز پاشاہ سرپرست انجمن ترقی پسند مصنفین تلنگانہ و سابق رکن پارلیمنٹ خطبہ استقبالیہ دیں گے جبکہ صدارت ڈاکٹر اسلم پرویز وائس چانسلر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کریں گے۔ افتتاحی اجلاس کے مہمان خصوصی کی حیثیت سے پروفیسر مظفر علی شہ میری وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالحق اردو یونیورسٹی اور مہمان ذی وقار کی حیثیت سے پدم شری جناب مجتبیٰ حسین شرکت کریں گے۔ کلیدی خطبہ پروفیسر علی احمد فاطمی سابق صدر شعبہ اردو الہ آباد یونیورسٹی پیش کریں گے۔ ڈاکٹر اودھیش رانی، جناب محمد عبدالرحیم خاں اور پروفیسر فاطمہ پروین اظہار خیال کریں گے۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر آمنہ تحسین انجام دیں گے جبکہ کلمات تشکر جناب ایس اے رؤف ادا کریں گے۔ اسی دن شام 6:30 بجے رنگ نگری ڈرامہ پیش کیا جائے گا جس کا تعارف جناب انیس احسن اعظمی پیش کریں گے جس کے ہدایت کار جناب عاقب خان ہیں۔ اسی طرح دوسرے دن یعنی یکم ڈسمبر کو پہلا اجلاس صبح10 بجکر 15 منٹ کو منعقد ہوگا جس کی صدارت پروفیسر فاروق بخشی اور محترمہ قمر جمالی کریں گے۔ جس میں مقالہ نگار مقالے پیش کریں گے۔ دوسرا اجلاس11:30 بجے دن بصدارت پروفیسر نسیم الدین فریس، پروفیسر رحمت یوسف زئی اور پروفیسر شاہدہ منعقد ہوگا جس میں مقالہ نگار مقالے پیش کریں گے۔ تیسرا اجلاس 2:30 بجے دن پروفیسر مجید بیدار اور پروفیسر درگیش نندنی کی صدارت میں منعقد ہوگا۔ اس پروگرام میں بھی مقالے پیش کئے جائیں گے اور 4 بجے شام اردو ہال حمایت نگر میں بھی اختتامی اجلاس منعقد ہوگا جس کی صدارت پروفیسر علی احمد فاطمی کریں گے اور مہمان خصوصی کی حیثیت سے پروفیسر بیگ احساس سابق صدر انجمن ترقی پسند مصنفین تلنگانہ جبکہ مہمان ذی وقار میں پروفیسر مدیح الرحمن شروانی جنرل سکریٹری کُل ہند انجمن ترقی پسند مصنفین شامل ہیں۔ پروفیسر اشرف رفیع، محترمہ قمر جمالی اور ڈاکٹر جعفر جری اظہار خیال کریں گے۔ نظامت کے فرائض دانش کمال اثری اور کلمات تشکر پروفیسر فاروق بخشی ادا کریں گے۔