ممبئی : مشہور شاعر ونغمہ نگار کیفی اعظمی کے یوم پیدائش پر ممبئی میں چار بنگلہ قبرستان میں اُن کی قبر سے ہٹائے گئے کتبہ کونصب کرنے کا ایک بار پھرمطالبہ کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ مشہور شاعر ،صحافی اور نغمہ نگار کیفی اعظمی کے 104ویں یوم پیدائش پر قبر سے کتبہ نصب کرنے کا ایک بار پھر مطالبہ زور پکڑ گیا ہے ،جو کہ قبرستان میں قبروں کی نئی ترتیب اور مٹی ڈالے جانے کے سبب ہٹادی گئی تھی اور اسے دوبارہ قبر پر نہیں لگایا گیاتھا ۔ ایسا نہیں کیے جانے پر اردو داں طبقے اور فلمی حلقے نے احتجاج درج کرایا ہے ۔ آج اس موقع پر عروس البلاد ممبئی کی کئی ادبی و ثقافتی تنظیموں اور اداروں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں ان کی ایک یادگار قائم کرنے کے ساتھ ساتھ شمال مغربی ممبئی کے چاربنگلہ قبرستان میں اُن کی قبر سے ہٹائے گئے کتبہ کو دوبارہ نصب کیا جائے ۔اس سے قبل بھی اردو کارواں،اردو جرنلسٹ اسوسی ایشن،اردو چینلز اور بزم ادب وفن بھی مطالبہ کرچکے ہیں۔