سابق وزیرخارجہ ایس ایم کرشنا کے داماد کی پراسرار گمشدگی کے بعد دریا میں چھلانگ
بنگلورو ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ملک گیر سطح پر مشہور و معروف کافی ریسٹورنٹس چین ’’کیفے کافی ڈے‘‘ کے بانی وی جی سدھارتھ کی نعش آج دکھشنا کنڑا کی نیترا وتی ندی سے برآمد ہوئی۔ وہ پیر کو منگلور روانگی کے دوران پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئے تھے اور 36 گھنٹوں کی تھکادینے والی تلاش کے بعد ان کی نعش الالی کے قریب دستیاب ہوئی جب ماہی گیروں نے پولیس کو مطلع کیا۔ دکھشنا کنڑا ضلع کے ڈپٹی کمشنر ششی کانت سنتھل نے قبل ازیں کہا تھا کہ ’’ایک نعش دستیاب ہوئی ہے جو ایسا معلوم ہوتا ہیکہ ان (سدھارتھ) کی ہے لیکن خاندان کی طرف سے قطعی توثیق کی جائے گی‘‘۔ منگلور کے پولیس کمشنر سندیپ پاٹل نے کہا کہ ’’مقامی پولیس، کوسٹ گارڈس، این ڈی آر ایف اور ماہی گیروں کی مدد سے بڑے پیمانے پر تلاشی کے بعد یہ نعش دستیاب ہوئی ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ہم نے ان کے خاندان کو مطلع کرچکے ہیں۔ ضابطہ کی مزید کارروائی کیلئے نعش کو وین لاک ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ہے۔ بی جے پی لیڈر اور سابق وزیرخارجہ کے داماد 60 سالہ سدھار کے دوست اور کانگریس کے رکن اسمبلی ٹی ڈی راجے گوڑا نے کہا کہ نعش کو حاندان کے حوالہ کردیا جائے گا۔ راجے گوڑا نے مزید کہا کہ سدھارتھ کی نعش ان کے آبائی مقام جکمگلور لے جایا گیا ہے۔ وہ پیر کی شب ساحلی شہر منگلورو روانگی کے دوران پراسرار حالات میں لاپتہ ہوگئے تھے۔ سدھارتھ کی موت پر سیاسی قائدین نے سابق چیف منسٹر ایس ایم کرشنا سے تعزیت کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر بی ایس یدی یورپا نے کہا کہ ’’سابق چیف منسٹر ایس ایم کرشنا کے داماد کی موت پر مجھے کافی سخت صدمہ پہنچا ہے۔ خدا ان کے خاندان کو صدمہ برداشت کرنے کی طاقت اور آنجہانی سدھارتھ کی آتما کو شانتی دے‘‘۔ سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے اپنے پیام میں لکھا کہ ’’وی جی سدھارتھ کی موت پر سخت صدمہ پہنچا ہے۔ وہ سادگی پسند شخصیت تھے۔ میں گذشتہ 35 سال سے واقف تھا۔ انہوں نے ہزاروں افراد کیلئے روزگار کا موقع فراہم کیا تھا‘‘۔
