کیفے کافی ڈے کے بانی سدھارتھ لاپتہ

   

بنگلورو۔ 30 جو لائی (سیاست ڈاٹ کام)ملک کی سب سے بڑی کیفے کافی ڈے کمپنی کے بانی اور سابق وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا کے داماد سدھارتھ پیر کی شام سے لاپتہ ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق مسٹر سدھارتھ کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے اور ان کے خودکشی کرنے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔مسٹر سدھارتھ پیر کو یہاں سے اپنی کار سے منگلورو کے لئے نکلے اور انہوں نے شام سات بجے تقریباً الال کے نزدیک نیتراوتی ندی کے پاس ڈرائیور سے کار روکنے کے لئے کہا اور کہیں نکل گئے ۔ان کا ڈرائیور ایک گھنٹے تک ان کا انتظار کرتا رہا اور ان کے نہ لوٹنے پر کار ڈرائیور نے اس واقعہ کے بارے میں ان کے گھروالوں کو اطلاع کی۔جنوبی کنڑ پولیس نے لاپتہ صنعت کار کو ڈھونڈنے کے لئے بڑے پیمانے پر ان کی تلاش شروع کی اور اس کے لئے ماہر تیراکوں کی ایک ٹیم کو ان کی کھوج میں لگایا۔ڈرائیور کے بیان کے مطابق مسٹر سدھارتھ کار سے اترے اور موبائل پر کسی سے بات کرتے ہوئے آگے نکل گئے اور اس کے بعد واپس نہیں لوٹے ۔اس دوران وزیر اعلی بی ایس ییدورپا مسٹر کرشنا کے گھر پہنچے اور ان کے داماد کو ڈھونڈنے کے لئے ہر ممکن مدد کرنے کا بھروسہ دلایا۔