کیف ایک بار پھر دھماکوں سے دہل گیا

   

کیف : یوکرینی حکام کی جانب سے ملک بھر میں فضائی حملوں کی وارننگ جاری کیے جانے کے بعد جمعہ کو دارالحکومت کیف میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ کیف کے میئر وٹالی کلِچکو نے رہائشیوں پر زور دیا کہ وہ فضائی حملوں سے بچنے کیلئے پناہ گاہوں میں رہیں۔انہوں نے ’ٹیلی گرام‘ پر لکھا کہ “شہر میں شدید دھماکے ہو رہے ہیں۔ شہری پناہ گاہوں میں رہیں”۔کلچکو نے اطلاع دی ہے کہ میزائل کے ٹکڑے شہر میں بچوں کے ہاسپٹل پر گرے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔کیف کے حکام نے کہا کہ فضائی دفاع کام کر رہا ہے اور فضائیہ نے اطلاع دی ہے کہ روس نے کیف کے علاقہ میں ہائپرسونک میزائل داغے ہیں۔یوکرینی پبلک براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے وینیٹسیا اور خمیلنٹسکی علاقوں میں دھماکوں کی اطلاع دی۔ خمیلنٹسکی کے ایک اہلکار نے کہا کہ خطے میں فضائی دفاع اپنا کام کر رہا ہے۔دوسری طرف روسی ایمرجنسی سروس نے آج ماسکو کے ’ونوکوفو‘ ہوائی اڈے پر فضائی آپریشن بند کرنے اور ٹیک آف اور لینڈنگ آپریشن معطل کرنے کا اعلان کیا۔ایمرجنسی سرویسز نے تاس کو بتایا کہ ونوکوفو ہوائی اڈے کے علاقہ میں فضائی حدود کو بند کر دیا گیا ہے طیاروں کی آمد ورفت کو روک دیا گیا ہے۔