حیدرآباد ۔ 5 نومبر (سیاست نیوز) کیلشیم کاربائیڈ کو غیرقانونی ذخیرہ اندوزی کے ایک گودام کو بے نقاب کرتے ہوئے پولیس نے دو بھائیوں کو گرفتار کرلیا۔ کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون اور مشیرآباد پولیس نے مشترکہ کارروائی کو انجام دیتے ہوئے 32 سالہ اسحاق کلنٹن اور 35 سالہ جاشوا کالیب ساکنان مشیرآباد کو گرفتار کرلیا۔ انسانی زندگی کیلئے خطرناک کیلیشم کاربائیڈ کو گنجان آبادی والے رہائشی علاقہ میں ذخیرہ کیا گیا تھا۔ پولیس نے ایک اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اس گودام کا پردہ فاش کیا اور اس گودام سے 500 بیاریل کیلیشم کاربائیڈ کو ضبط کرلئے جسکی مالیت 40 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ گرفتار دونوں بھائیوں کا تعلق ٹاملناڈو سے ہے جو کافی عرصہ قبل حیدرآباد منتقل ہوئے تھے اور یہاں ایم بی روڈ پر راج موٹر شاپ کے نام سے تجارت کررہے تھے۔ انہوں نے مارکٹ میں کیلشیم کاربائیڈ کی طلب کو دیکھتے ہوئے زائد منافع کی خاطر کاروبار شروع کیا اور غیرقانونی طور پر یہ کاروبار کررہے تھے۔ ریاست گجرات اور راجستھان سے کیلشیم کاربائیڈ کو خرید کر اس کی غیرقانونی ذخیرہ اندوزی کیلئے باکارم علاقہ میں گودام تیار کیا گیا اور یہاں ذخیرہ کررہے تھے۔ نیوباکارم کا علاقہ جو مکمل طور پر رہائشی علاقہ ہے، اس علاقہ میں کیلشیم کاربائیڈ کو رکھا گیا تھا۔ ذراسی غفلت پر ایک گودام میں بڑا حادثہ پیش آنے کا خطرہ پایا جاتا ہے۔ پولیس نے اس گودام کو بے نقاب کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ع