کیلیفورنیا میں آتشزدگی، زبردستی تخلیہ، تیز رفتار ہوا سے برقی سربراہی منقطع

,

   

سان فرانسسکو 27 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کیلیفورنیا میں زبردست آتشزدگی کی وجہ سے جبری تخلیہ کے احکام جاری کردیئے گئے اور ساحلی علاقہ پر پھیلی ہوئی سونوما کاؤنٹی کے قریب مقیم افراد کو انتباہ جاری کردیا گیا۔ تیز رفتار ہواؤں کے نتیجہ میں سرکاری عہدیداروں نے برقی سربراہی منقطع کردی جس کی وجہ سے لاکھوں افراد آگ بجھانے میں مصروف ہوگئے کیوں کہ وہ برقی سربراہی سے محروم ہوگئے تھے۔ ہفتے کے دن 5 بجے شام سے تقریباً 2.35 ملین افراد جو 38 کاؤنٹیوں میں سکونت اختیار کئے ہوئے تھے، برقی سربراہی سے محروم ہیں۔ تقریباً 90 ہزار شہریوں کو زبردستی 40 مربع میل (104 کیلو میٹر) کے رقبہ میں پھیلی ہوئی آگ کی وجہ سے زبردستی تخلیہ کرواکر محفوظ مقامات کو منتقل کردیا گیا۔ ہیلڈس برگ ریسٹ کاؤنٹی جو روسی دریا کی وادی میں واقع ہے اور ساحلی علاقہ پر پھیلی ہوئی سونوما کاؤنٹی کے شیرف مارک ایسک نے عوام کو تخلیہ کرنے کے احکام جاری کردیئے۔ سونوما کاؤنٹی پورے ساحلی علاقہ پر پھیلی ہوئی ہے۔ اِس علاقہ کے مکینوں کو انتباہ دے دیا گیا کہ اُنھیں کسی بھی وقت تخلیہ کی نوٹس جاری کی جاسکتی ہے۔ ہفتہ کے دن تیز ہواؤں کی رفتار 75 میل فی گھنٹہ (120 کیلو میٹر فی گھنٹہ) یا اس سے زیادہ ہوگئی۔ ہواؤں کی یہ تیز رفتار ایک ریکارڈ ہے۔ قومی محکمہ موسمیات کے بموجب تیز رفتار ہواؤں کی وجہ سے کئی میل تک مقیم افراد متاثر ہوں گے۔ کیلیفورنیا کے محکمہ جنگلات اور آگ سے تحفظ فراہم کرنے والے محکموں نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ تیز رفتار ہواؤں کی وجہ سے برقی سربراہی کے تار جل سکتے ہیں اور بڑے پیمانے پر لوگ برقی سربراہی سے محروم ہوسکتے ہیں۔ 9 لاکھ 40 ہزار مکانوں اور تجارتی مراکز کو جو 36 کاؤنٹیز میں پھیلے ہوئے ہیں 48 گھنٹے یا اس سے بھی زیادہ وقفہ کے لئے برقی سربراہی منقطع کی جاسکتی ہے۔ شہر سان فرانسسکو کے میئر نے کہاکہ اُنھیں عوام شکایت کررہے ہیں کہ وہ مقیم رہنا چاہتے ہیں اور اِس آفت سے نمٹنا چاہتے ہیں۔