کیلیفورنیا۔15؍فروری(ایجنسیز) امریکہ کے کیلیفورنیا میں تقریباً ایک ہفتہ قبل لاپتہ ہونے والے 22 سالہ ہندوستانی طالب علم کی نعش آج دستیاب ہوگئی ہے۔ کرناٹک کے ساکیت سری نواسیا 9 فروری کو لاپتہ ہو گئے تھے جس کے بعد ان کی جنگی پیمانے پر تلاش کی جارہی تھی۔ سان فرانسسکو میں واقع ہندوستانی سفارت خانے نے تصدیق کی ہے کہ پولیس نے ہندوستانی طالب علم کی نعش برآمد کرلی ہے۔ ساکیت سری نواسیا امریکہ میں رہ کرپوسٹ گریجویشن کی تعلیم حاصل کر رہے تھے اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، برکلے کے طالب علم تھے۔
سان فرانسسکو میں ہندوستانی سفارت خانے نے ’ایکس‘ پوسٹ میں بتایا کہ پولیس نے طالب علم کی لاش برآمد کر لی ہے۔ انہوں نے نعش کو جلد از جلد ہندوستان واپس بھیجنے کیلئے تمام ضروری مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اسی کے ساتھ ہی سفارتخانے نے لواحقین اور رشتہ داروں سے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کیا۔اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں ہندوستانی سفارت خانے نے مشکل وقت میں اہل خانہ اور چاہنے والوں کے ساتھ اپنی گہری تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ تمام ضروری مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، جس میں مقامی حکام کے ساتھ رابطہ کاری اور جلد از جلد نعش ہندوستان واپس بھیجنے کا انتظام کرنا شامل ہے۔ ۔بتادیں کہ لاپتہ ہونے سے پہلے ساکیت کو آخری بار کیمپس سے ایک کلومیٹر کے فاصلے پر دیکھا گیا تھا جس کے بعد جھیل انزا اور برکلے ہلز کے علاقے کے ارد گرد دیکھا گیا تھا جس کے بعد شہر بھر میں جنگی پیمانے پرتلاش شروع کی گئی۔ بعد میں اس کا پاسپورٹ اور لیپ ٹاپ پر مشتمل ایک بیگ کیمپس کے قریب ہی ٹلڈن ریجنل پارک کے قریب ایک رہائش گاہ کے پاس ملا تھا۔ وہ پروڈکٹ ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) میں ماسٹر آف سائنس کر رہے تھے اور کرناٹک کے تمکورو کے رہنے والے تھے۔