واشنگٹن ۔ 28 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایوان میں ابھرتی ہوئی ڈیموکریٹک اسٹارکیٹی ہل نے اخلاقیات سے متعلق ایک معاملہ کی تفتیش کے پس منظر میں اپنا استعفیٰ پیش کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض انتہائی ’’نجی قسم‘‘ کی تصاویر جو ان کے کیمپین اسٹافر کے ساتھ لی گئی تھی، ان تصاویر کو ان کے (کیٹی ہل) شوہر اور دیگر سیاسی مفاد کے حامل لوگوں نے بطور ’’ہتھیار‘‘ استعمال کیا ہے۔ کیلیفورنیا کی 32 سالہ ڈیموکریٹ کو ایک اہم قیادت کیلئے منتخب کیا گیا تھا۔ تاہم حالیہ دنوں میں بعض قابل اعتراض تصاویر اور پیغامات ان کی (کیٹی ہل) جانب سے ان کے کیمپین اسٹافر کو روانہ کئے گئے تھے جو دائیں بازو کے ایک برطانوی اخبار میں منظرعام پر آگئے تھے۔ ایوان کی اقدار کمیٹی نے بھی کیٹی ہل کے اپنے کیمپین اسٹافر کیساتھ تعلقات کی نوعیت کی تحقیقات شروع کردی ہے کیونکہ ایوان کے قوانین کے مطابق ایوان کے ارکان کو کسی بھی تنازعات میں ملوث نہ ہونے کی ہدایت دی جاتی ہے۔