کیلیفورنیا کی مسجد میں آتشزدگی، نیوزی لینڈ قتل عام کا حوالہ

   

اسکانڈیڈو ۔ 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کیلیفورنیا کی ایک مسجد میں امکانی طور پر آتشزنی کے واقعہ میں پولیس کو مسجد کے ایک گوشے سے ایک ایسا تحریری پیغام ملا ہے جس میں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں کئے گئے دہشت گردانہ حملے کا حوالہ دیا گیا ہے۔ پولیس عہدیداروں نے دریں اثناء بتایا کہ کانڈیڈو کی اس مسجد میں آتشزنی کے واقعہ میں کسی کے شہید یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے کیونکہ مسجد میں موجود مصلیوں نے آتش فرو عملہ کے وہاں پہنچنے سے قبل ہی آگ پر قابو لیا تھا۔ پولیس نے اس واقعہ کو آتشزنی اور نفرت انگیز جرم کے طور پر رجسٹر کرتے ہوئے اس کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ یاد رہیکہ مسجد کے پارکنگ لاٹ میں کاغذ کے ایک پُرزہ پر لکھی گئی تحریر ملی ہے جس میں نیوزی لینڈ حملے کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ پولیس سربراہ کرلیس لک نے یہ بات بتائی۔ تاہم کاغذ کے پُرزہ پر تحریر کردہ پیغام کا متن انہوں نے نہیں بتایا۔ علاوہ ازیں تحقیقات کرنے والوں نے ایک مشتبہ شخص کے بارے میں بھی کچھ نہیں بتایا۔ آتشزنی سے مسجد کے بیرونی حصے کو نقصان پہنچا۔ تاہم اس واقعہ کے وقت مسجد کے اندر موجود سات افراد کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا بلکہ انہوں نے آتش فرو عملہ کی آمد سے قبل ہی آگ بجھانے والے آلے کا استعمال کرتے ہوئے آگ بجھادی۔